پشاور(صباح نیوز)پشاور ہائیکورٹ نے میڈیکل کالجز میں ضم اضلاع کے لئے مختص سیٹوں کی پالیسی کو قانونی قرار دے دیا اور ضم اضلاع کے طلبا کی درخواست خارج کردی۔
ضم اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلبا نے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ میڈیکل کالجز میں ضم اضلاع کے لئے مختص سیٹوں کے پالیسی کو غیرقانونی قرار دے کر ضم اضلاع کے طلبا کو بھی اوپن میرٹ پر داخلے کی اجازت دی جائے۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس ارشد علی نے درخواست پر سماعت کی تھی جس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا۔
جسٹس ارشد علی کی جانب سے تحریر کئے گئے فیصلے میں لکھا گیا کہ ضم اضلاع کے طلبا کے لئے سیٹیں مختص ہیں، اس لئے اوپن میرٹ پر داخلہ نہیں لے سکتے اور اسی بندوبستی علاقوں کے طلبا مخصوص سیٹوں پر داخلہ نہیں لے سکتے۔عدالت نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی داخلہ پالیسی کو قانونی قرار دے کر طلبا کی درخواست خارج کردی۔