جسٹس عالیہ نیلم نے بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ حلف اٹھا لیا


لاہور(صباح نیوز)جسٹس عالیہ نیلم نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔جسٹس عالیہ نیلم کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوئی۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے جسٹس عالیہ نیلم سے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ،وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس سید شہباز رضوی، جسٹس شہرام سرور،آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور، سمیت اعلیٰ سرکاری اور سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی کی زیرِ صدارت ہوئے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے لئے جسٹس عالیہ نیلم کے نام کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی تھی۔ جوڈیشل کمیشن میں لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کیلئے 3 ناموں جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس عالیہ نیلم پر غور کیا گیا تھا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے منظوری دینے کے بعد وزارتِ قانون نے جسٹس عالیہ نیلم کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔جسٹس عالیہ نیلم لاہور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں۔جسٹس عالیہ نیلم 12 نومبر 1966 کو پیدا ہوئیں، انہوں نے 1995 میں پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی اور یکم فروری 1996 کو بطور وکیل پریکٹس کا آغاز کیا اور وہ 1998 میں ہائی کورٹ جبکہ 2008 میں سپریم کورٹ کی وکیل بنیں۔آئینی، سول، فوجداری، دہشت گردی سمیت دیگر شعبوں میں پریکٹس کا تجربہ رکھنے والی جسٹس عالیہ نیلم 2013 میں لاہور ہائی کورٹ کی ایڈہاک جج کے طور پر تعینات ہوئیں اور 2015 میں لاہور ہائیکورٹ کی مستقل جج بن گئیں۔