میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے ہزاروں ملازمین و پینشنرز نے ادائیگیاں نہ ہونے دھرنا

لاہور(صباح نیوز)میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے ہزاروں ملازمین و پینشنرز نے ادائیگیاں نہ ہونے پر ایڈ منسٹر یٹر آفس کے باہر دھرنا دے دیا ،مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھائے محکمے کے خلاف نعرے بازی کی۔ پینشنرز بھی احتجاج میں شامل ہو گئے ،ٹائون ہال سمیت لاہور کے نو زونل دفاتر میں ملازمین نہ ہونے سے کام ٹھپ ہو گیا ،مستقل ڈائریکٹر آڈٹ کی تعیناتی نہ ہونے سے دفتری مالی معاملات بری طرح متاثر ہیں ۔

مظاہرین نے کہا کہ جون کی تنخواہ ابھی تک نہیں ملی ،آپریشنل معاملات کے لئے چیک سائن نہ ہونے سے واجبات کی ادائیگی، تنخواہیں، پینشنز رکی ہوئی ہیں ،تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی باعث احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں ،گھر کے چولہے کیسے جلائیں، محکمہ تنخواہ دینے کو تیار نہیں ،میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کی تاریخ میں پہلی بار ملازمین کی تنخواہیں رکی ہیں۔ مظاہرین نے کہا کہ تنخوائیں نہیں ملیں گی تو گھر بچوں کو دو وقت کی روٹی کیسے کھلائیں گے ، بلدیہ عظمیٰ کے ساڑھے پانچ ہزار ملازمین کی جون کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں ،دس ہزار پینشنرز کو پینشن کی ادائیگی بھی التوا کا شکار ہے، ہزاروں ملازمین کو تنخواہیں اور پینشنرز کو پینشن ہر ماہ کی یکم کو ادا کی جاتی تھیں، ٹائون ہال سمیت لاہور کے نو زونل دفاتر کے ملازمین دھرنے میں شامل ہیں ۔ ڈائریکٹر آڈٹ کی مستقل تعیناتی پر مالی معاملات پھر سے بحال ہونگے ، چیکس پر ڈائریکٹر آڈٹ،میٹروپولیٹن آفیسر فنانس اور سی ای او کے دستخط ضروری ہوتے ہیں ، جلد ڈائریکٹر آڈٹ کی تعیناتی کی جائے تاکہ ملازمین اور پینشنرز کی ادائیگی ہو سکیں ۔