پنجگور، نوشکی حملوں میں 13دہشتگردہلاک ، افسرسمیت 7جوان شہید ہوئے ، آئی ایس پی آر


اسلام آباد(صباح نیوز) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں پنجگور اور نوشکی میں دہشت گردوں کی کیمپوں پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 13 دہشت گردوں کو مقابلے میں ہلاک کردیا جبکہ ایک افسر سمیت 7 جوان شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز نے حملے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق نوشکی میں دہشت گردوں نے ایف سی کیمپ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔ دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 9 دہشت گرد ہلاک اور ایک افسر سمیت سیکیورٹی فورسز کے 4 اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نوشکی میں دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور (ایف سی)کے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کا فوری جواب دیا گیا۔دوسری جانب پنجگور میں فورسز پر حملے میں چار دہشت گرد مارے گئے جبکہ 3 فوجی شہید اور 4 زخمی ہوئے۔

سکیورٹی فورسز نے چار سے پانچ دہشت گردوں کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ دہشت گرد اور ان کے ہینڈلرز بھارت اور افغانستان میں رابطے میں تھے۔

دوسری جانب وزیراعلی بلوچستان عبد القدوس بزنجو نے نوشکی اور پنجگور میں ایف سی کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔انہوں نے سکیورٹی فورسز کو جرات دکھانے اور دہشت گردوں کے حملے ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ حملوں سے ہماری بہادر سکیورٹی فورسز کو مرعوب نہیں کرسکتے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری سکیورٹی فورسز تاریخ رقم کر رہی ہیں، دہشت گرد یاد رکھیں ان کا مقابلہ دنیا کی بہترین فوج سے ہے جو انہیں ہر محاذ پر شکست سے دوچار کرے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹرپرجاری بیان میں کہا ہے کہ ہم بلوچستان کے علاقوں، پنجگور اور نوشکی میں قائم فوجی کیمپوں پر دہشتگردوں کے حملے پسپا کرنے والے اپنے جری جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کی پشت پر متحد اور یکجا کھڑی ہے جو ہمارے تحفظ و دفاع کیلئے پیہم عظیم قربانیاں پیش کر رہی ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ،وفاقی وزراء سمیت سیاسی شخصیات نے مذمت کی ہے ۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پنجگوراورنوشکی میں سکیورٹی فورسزکے کیمپوں پردہشت گردحملوں کی مذمتی بیان میں کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز الحمداللہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ دہشت گردی کے خاتمے میں سکیورٹی فورسز کے عزم اورحوصلے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ہماری سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں دیں گی ۔