وزیراطلاعات عطا تارڑ نے عوام پاکستان پارٹی کو ارب پتی افراد کا اجتماع قرار دے دیا

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی اربوں پتی سرمایہ کاروں کا اکٹھ تھا جس میں پرانی ٹیپ چلائی گئی۔عطا تارڑ نے شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل کی تقاریر پر ردعمل میں کہا کہ تضادات سے بھرپور تقریریں دیکھنے کو ملیں، تضادات سے بھرپور تقریریں کرنے والے ماضی میں اقتدار کی کرسی سے بھرپور لطف اندوز ہوتے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جب ملک کی سب سے بڑی کرسی پر براجمان تھے تب آپ کیوں خاموش تھے؟ جن لوگوں میں وفا جیسی صفت نہ ہو وہ اقدار کی سیاست کیا کریں گے؟ وزیراعظم، وزیرپیٹرولیم اور وزیرخزانہ کے عہدوں کے مزے لینے والے لوگ آج جو اعلانات کررہے ہیں ان پر عملدرآمد کیوں نہیں کرسکے۔عطااللہ تارڑ نے واضح کیا کہ پاکستان مسلم لیگ جب بھی اقتدار میںآئی اس نے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور ملکی ترقی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔