پی ٹی آئی نے ترنول میں جلسہ ملتوی کردیا


اسلام آباد(صباح نیوز) تحریک انصاف نے ترنول میں جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ترنول جلسہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہونا تھا جسے ملتوی کردیا ہے، اب عدالت سے درخواست کریں گے کہ یوم عاشور کے بعد ہمیں جلسے کی اجازت دیں، ورکرز جلسے کیلئے پرا مید تھے،ہم نے ہمیشہ قانون کا سہارالیا۔

انہوں نے کہا کہ عدالت کے حکم کے بعد ڈی سی نے جلسے کا نوٹیفکیشن دیا، جو نوٹیفکیشن ہائیکورٹ کی ہدایت پرہوا،کمشنرکے پاس اختیار نہیں کہ اسے معطل کرے، جس لیٹر کو بنیاد بنا کر نوٹیفکیشن معطل کیا گیا اس لیٹر کو ہائیکورٹ میں پیش کرتے، ہم ہائیکورٹ اس لئے آئے ہیں کہ آئین اور قانون کے مطابق جلسہ کریں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بغیر کوئی سیاست مکمل نہیں، آئین اور قانون کی بالا دستی کے لئے ہم سب کوشش کررہے ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ جلسے کی اسلام آباد انتظامیہ نے اجازت دے رکھی تھی، رات پولیس آئی اور جلسے کا علاقہ سیل کر دیا۔عمر ایوب نے کہا کہ ڈی سی اسلام آباد نے آرڈر پر دستخط کئے ہوئے تھے، عدالت کے احکامات کے باوجود رات گئے جلسے سے سامان اٹھایا، خود ہی ترنول کی جگہ ہمیں جلسہ کے لئے دی تھی، پی ٹی آئی کارکنان کے ڈر سے این او سی معطل کیا۔