موثر پولیسنگ کے لئے آئی ٹی سے استفادہ کے حوالے سے قومی کانفرنس کا انعقاد

اسلام آباد(صباح نیوز)نیشنل پولیس بیورو(این پی بی) ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے پاکستان میں پولیس اداروں میں تبدیلی لانے کی قیادت کر رہا ہے۔ وزارت داخلہ نے وفاقی ادارے کی حیثیت سے این پی بی کو معیاری بنانے، آئی ٹی پر مبنی حل کو فروغ دینے اور تمام پولیس اداروں کے درمیان کوششوں کو مربوط کرنے کا پابند کیا ہے۔اس سلسلے میں این پی بی نے یو این او ڈی سی کی لاجسٹک سپورٹ کے ساتھ اسلام آباد میں موثر پولیسنگ کے لئے آئی ٹی کے استعمال پر قومی کانفرنس کا انعقاد کیا۔

کانفرنس کا مقصد کریمنل جسٹس سسٹم کے اندر آئی ٹی پر مبنی اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لینا ، خلا اور چیلنجوں کی نشاندہی کرنا ، موجودہ اور مجوزہ آئی ٹی پیشرفتوں کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کرنا اور بین الایجنسی رابطے ، تعاون اور کوآرڈینیشن کو بڑھانا ہے۔ڈائریکٹر جنرل نیشنل پولیس بیورو ڈاکٹر احسان صادق نے اپنے افتتاحی کلمات میں تمام شرکاکو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ملک بھر میں پولیس کے محکمے اب کارکردگی کو بڑھانے کے لئے مختلف آئی ٹی ٹیکنالوجیز کااستعمال کر رہے ہیں۔