وزیراعظم کا خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات فیز2کیلئے خود ٹکٹ دینے کا فیصلہ


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات فیز2کیلئے خود ٹکٹ دینے کا فیصلہ کرلیا ، وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان منتخب ناموں کی فہرست وزیر اعظم عمران خان کو دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے ایم پی ایز ،عہدیداران 3،3 نام تجویز کریں گے۔وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان منتخب ناموں کی فہرست وزیر اعظم عمران خان کو دیں گے ، جس کے بعد بلدیاتی انتخابات کے ٹکٹ کا فیصلہ خود وزیراعظم عمران خان کریں گے۔

وزیراعلی کے پی نے ایم پی ایز کو ہدایت دی ہے کہ پہلے فیزکی غلطیوں سے سیکھ کردوسرے فیز میں نہ دہرائی جائیں، عوام کے ان مسائل کا سدباب ہونا چاہے۔

یاد رہے پہلے مرحلے میں خیبرپختون خو کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں وفاقی اور صوبائی حکومتی جماعت تحریک انصاف کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جمعیت علما اسلام (ف) نے حیران کن نتائج دئیے۔

الیکشن میں ہونے والی شکست کے بعد وزیراعظم عمران خان نے گورنر خیبرپختونخوا سے رپورٹ بھی طلب کی تھی جبکہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کی نگرانی خود کرنے اور امیدوار کے معاملے میں کارکنان کے تحفظ دور کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔