لاہور ،بہاولنگراور ہریپور میں ٹریفک حادثات ،8افراد جاں بحق،14 زخمی


لاہور،بہاولنگر ،ہریپور(صباح نیوز)لاہور ،بہاولنگر اور ہریپور میں مختلف ٹریفک حادثات میں 8افراد جاں بحق اور14زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے ضلع کچہری کے قریب تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ایک شہری موقع پر دم توڑ گیا اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا ، حادثے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا۔

دوسری جانب بہاولنگر کے علاقے ٹوبہ قلندر شاہ کے قریب رکشے اور موٹر سائیکل میں تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد شدید زخمی ہو گئے جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے ، ریسکیو ٹیم کی جانب سے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ہری پور میں مسافروں سے بھری بدقسمت وین صوابی میرا سے اسلام آباد ایئر پورٹ جا رہی تھی کہ چہکائی کے مقام پر وین دو سو فٹ گہری کھائی میں جا گری، حادثے میں 7 موقع پر جاں بحق اور10 شدید زخمی ہو گئے ، زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، شدید طوفان اور بارش کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، وین میں ایک ہی خاندان کے 17 افراد سوار تھے، زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویشناک  ہے جس کی وجہ سے اموات بڑھنے کا خدشہ ہے۔