اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائید ار او ر دیر پا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے ،مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری ہے ،کشمیریوں نے آزادی کے لیے 5لاکھ شہداء پیش کیے ہیں وہ ضرب اور تقسیم کے کسی فارمولے کو تسلیم نہیں کرتے ،کشمیری وحدت کشمیر اور حق خودارادیت پر کوئی کمپرئومائز نہیں کریں گے ،5فروری پور ی دنیا میں بھرپور انداز سے منایا جائے گا ،جموں کے بعد سری نگر سے بھی کشمیریوں کو جبری بے دخل کرنے کا عمل شروع ہو چکا ہے جو پوری دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے ،نریندرمودی مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کر کے مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کررہا ہے دنیا کو ان ظالمانہ اقدامات کا نوٹس لینا چاہیے ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ نریندرمودی تسلسل کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو تحلیل کرنے کے لیے اقدامات کررہا ہے ان ظالمانہ اقدامات کے تدارک کے لیے حکومت پاکستان عالمی سطح پر سفارتی مہم تیز کرتے ہوئے ہندوستان کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔
انہوں نے کہاکہ نریندرمودی کی دستبرد سے ہندوستان کے اندر بھی مسلمانوں سمیت کوئی اقلیت محفوظ نہیں ہے ہندوستان کے اندر 70کروڑ سے زائد انسان ہندو توا سوچ کے خلاف آواز اٹھارہے ہیں ان مظلوموں کی آواز کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے ،نریندر مودی کے اقدامات ہندوستان کو انجام کی طرف گامز ن کیے ہوئے ہیں ہندوستان نے کشمیریوں کو اپنے عہد کے مطابق حق خودارادیت فراہم نہ کیا تو ہندوستان کا حشر بھی سابق سوویت یونین سے برا ہو گا ۔