ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ڈویژن کی 6ارب روپے کی ریکارڈ ریکوری


راولپنڈی(صباح نیوز) ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی نے مالی سال 2024کے اختتام پر ہدف سے زائد وصولی کرتے ہوئے 6ارب روپے سے زائد کی ریکوری کا ریکارڈ قائم کردیا ۔ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول راولپنڈی ڈویژن کے ڈائریکٹر عمران اسلم نے بتایاکہ  مالی سال 2023-24کے لئے پنجاب حکومت کی جانب سے ایکسائز راولپنڈی ڈویژن کو دیئے گئے ہدف سے زائد ریکوری کی گئی ہے اور راولپنڈی ڈویژن کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 6ارب روپے کی ریکارڈ ریکوری کی گئی ہے جو کہ ایکسائز راولپنڈی کے لیے ایک اعزاز ہے۔

ایکسائز راولپنڈی ڈویژن کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مالی سال کے آخری مہینے میں عید تعطیلات کے باوجودمختلف ٹیکسز کی مد میں   90کروڑ روپے کی ریکارڈ ریکوری کی گئی  ۔عمران اسلم نے کہاکہ ایکسائز راولپنڈی ڈویژن کی محصولات کے حوالے سے ریکارڈ ریکوری افسران و سٹاف کی کاوشوں کی بدولت ممکن ہوئی ۔

موٹر وہیکل رجسٹریشن اتھارٹی ایکسائز راولپنڈی سہیل شہزاد نے بتایاکہ موٹر برانچ نے ہدف سے زائد ریکوری کرتے ہوئے 106فی صد وصولی کی ۔ڈائریکٹر ایکسائز راولپنڈی عمران اسلم نے بتایاکہ محصولات کی ریکارڈ ریکوری میں پراپرٹی ٹیکس کی ای ٹی او زون ون ،ٹو و فائیو کلثوم زہرہ،زون تھری و فور چوہدری عبدالخالق، وسیم حیدر ای ٹی او پروفیشنل ٹیکس ایکسائز راولپنڈی و ای ٹی او جہلم ، ظفر اسحاق ای ٹی او چکوال ،فرخ سعید بٹ ای ٹی او اٹک ،گل شیر خان ای ٹی او مری کی کاوشیں لائق تحسین ہیں جنہوں نے اپنے سٹاف کے ہمراہ ریکارڈ وصولیاں یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہاکہ اس شاندار کامیابی پر ایکسائز راولپنڈی ڈویژن کے تمام افسران و سٹاف کا شکرگزار ہوں جنہوں نے اپنے فرائض کی بجاآوری کو یقینی بناتے ہوئے محکمے کا نام روشن کیا ۔