ایڈوانس ٹیکس واپس نہ ہوا تو 5 جولائی کو ملک بند کردیں گے،پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن


کراچی (صباح نیوز)پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ایڈوانس ٹیکس واپس نہ ہوا تو 5 جولائی کو پورا ملک بند کردیں گے۔

پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پٹرولیم ڈیلرز کو فنانس بل میں ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس پر تشویش ہے۔ فنانس بل میں 0.5 فیصد ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس لگایا گیا ہے۔  مذکورہ ٹیکس سے پٹرول پمپ کا کاروبار چلانا ناممکن ہے۔ حکومت ایڈوانس ٹیکس پر نظر ثانی کرکے اسے فوری طور پر ختم کرے بصورت دیگر کاروبار بند کرنے کے علاوہ کوئی چارہ باقی نہیں رہے گا۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو اپنا مفاد عزیز ہے۔

چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن  نے کہا کہ حکومت ہر چیز پر ٹیکس عائد کررہی ہے۔ پٹرولیم ڈیلرز کی سیلز گھٹ گئی ،حکومت سمگلنگ کو سپورٹ کررہی ہے ،سمگلنگ کے خلاف بولنے پر دھمکیاں دی جاتی ہیں، فروخت ہونیوالے سامان کی قیمت کے ہرلین دین پرپہلے سے ہی خریداری کے وقت ٹیکس لگایاجارہاہے۔ وزیر اعظم ٹیکسوں کے نفاذ پر کہتے ہیں کہ میں مجبور ہوں ۔ وزیرخزانہ، پٹرولیم منسٹر اور چیئرمین ایف بی آر سے ملنے کی کوشش کریں گے، مسائل حل نہ ہوئے تو 5جولائی  کو پورا ملک بند کردیاجائے گا۔

عبدالسمیع خان نے کہا کہ ہم پہلے ہی انتہائی کم شرح منافع پر پٹرول پمپس چلارہے ہیں، لیوی سے مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہوگا۔ ایڈوانس ٹیکس کایہ اضافی بوجھ ہمارے کاروبارکو متاثر کرے گا۔ ایڈوانس ٹیکس کے نفاذ سے تجارتی شعبے پر بھی بوجھ بڑھے گا۔