وزیراعظم نے چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان جوائنٹ وینچر منصوبے کی منظوری دیدی

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صنعتوں کی پاکستان  منتقلی کے حوالے سے چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان جوائنٹ وینچر منصوبے کی منظوری دے دی۔بدھ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سرمایہ کاری بورڈ کے امور پر اہم اجلاس  منعقدہوا ،وزیراعظم نے چینی صنعتوں کی پاکستان  منتقلی کے حوالے سے چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان جوائنٹ وینچر منصوبے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے ،حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لئے کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ۔وزیراعظم نے اپنے دورہ  چین کے دوران شینزین میں پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں کے حوالے سے پیشرفت پر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ، وزیر اعظم  شہباز شریف نے خصوصی اقتصادی زونز ون سٹاپ شاپ کے قانون کے مسودہ پر دورہ چین کے بعد ہونے والی پیشرفت کے تناظر میں نظر ثانی کی ہدایت کی ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین کی ٹیکسٹائل ، چمڑے ، سافٹ وئیر اور دیگر صنعتوں کی پاکستان میں ری لوکیشن کے حوالے سے بہت استعداد موجود ہے ۔ اجلاس کو سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے بریفنگ دی گئی ، بریفنگ میں بتایا گیا کہ چینی صنعتوں کی پاکستان میں ری لوکیشن کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، اسلام آباد بزنس فیسیلیٹیشن مرکز کے قیام کے حوالے سے چینی ماہرین کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں ،آسان کاروبار ایکٹ کا مسودہ جلد کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز میں بھیجا جا رہا ہے ۔اجلاس میں وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری عبد العلیم خان ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک،  وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔