لیاقت بلوچ کا حافظ کاظم رضا نقوی کے جواں سال بھتیجے کے انتقال پر اظہارتعزیت ، دعائے مغفرت ۔

لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی اور صدر مجلس قائمہ سیاسی قومی امور لیاقت بلوچ نے پنڈی گھیب ملہوالی میں شیعہ علما کونسل کے مرکزی رہنما حافظ کاظم رضا نقوی کے جواں سال بھتیجے کے انتقال پر تعزیت اور دعائے مغفرت کی اور معروف عالم دین مولانا عبدالمالک علوی کی یاد میں تعزیتی کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر شیعہ رہنمائوں اور مقامی دینی و سیاسی قائدین سے گفتگو کرتے کہا کہ اتحاد امت ہی ملت اسلامیہ کے مسائل کا حل ہے۔ فرقہ واریت، تشدد، انتہا پسندی کے جذبات اور سیاسی انتہا پسندی نے عوام کو ہر محاذ پر مشتعل کر دیا ہے۔ توہین مذہب، رسول اللہۖ اور قرآن پاک کی توہین کے واقعات کے بعد عوام اشتعال، آئین و قانون کی پامالی، ملک و ملت کے لیے باعث تشویش ہے۔ دینی قومی قیادت کو الارمنگ صورت حال میں آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہو گا۔ حکمران بیرونی دبائو پر اسلامی قوانین کو غیر موثر کر رہے ہیں، پارلیمنٹ، عدلیہ اور لادینیت کے پرچار پلیٹ فارم پر تحفظ ناموس مصطفی، عقیدہ ختم نبوت کے معاملہ کو عدالتی سطح پر بار بار بلاوجہ مشکوک بحث عوام میں اشتعال کا سبب ہے، ماضی میں توہین کے مرتکب افراد پر مقدمات بنے، عدالتوں نے سزائیں دیں، لیکن بیرونی دبائو پر رات کی تاریکی میں مجرمین کی رہائی ہو گئی، اشتعال کے ان اسباب کو بھی بند کرنا ہو گا۔ سوات اور سرگودھا کے واقعات تمام سٹیک ہولڈرز کو ہوش میں لانے کے لیے کافی ہونے چاہییں۔

ملی یکجہتی کونسل، اسلامی نظریات، اسلامی تہذیب اور آئینی اسلامی قوانین کی حفاظت کے لیے ملک بھر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، برداشت کا ماحول پیدا کرنے کا کردار ادا کرتی رہے گی۔لیاقت بلوچ نے افغان طلبہ اور نوجوانوں کے وفد سے ملاقات میں افغانستان کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف تاریخی اور اپ سیٹ کامیابی پر مبارک باد دی، ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں افغان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بہت شاندار ہے، افغانستان کرکٹ ٹیم کی فائنل تک رسائی بڑی کامیابی ہو گی۔ پاکستان اور افغانستان کے عوام یک جان دو قالب ہیں، افغانستان اور پاکستان کے عوام نے مشترکہ بنیادوں پر استعماری قوتوں کے خلاف بڑی قربانیاں دیں۔ پاک افغان تعلقات کی کشیدگی امریکا، بھارت اور اسرائیل کا ایجنڈا ہے، خطہ میں ناگزیر ہے کہ پاکستان، ایران اور افغانستان کے تعلقات مضبوط و دیرپا اور پائدار ہوں۔ تینوں ممالک کے عوام ایک پیج پر ہیں، حکمران اور پالیسی ساز بھی ایک پیج پر آئیں یہ خطہ کی ترقی اور امن کا ضامن ہو گا۔دوسری جانب

لیاقت بلوچ کا بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کے رزلٹ جاری کرنے کا مطالبہ

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بہائوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے 6227طلبہ و طالبات کے رزلٹ رکنے سے ان کا تعلیمی مستقبل مخدوش ہو رہا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق طلبہ کو تعلیم دینا اور نتائج کا اعلان کرنا یونیورسٹی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ بہائوالدین زکریا یونیورسٹی انتظامیہ کی رپورٹ سپلیمنٹری طلبہ کے حق میں اور آئی ٹی رپورٹ میں بھی واضح ہے کہ سپلیمنٹری امتحانات کے طلبہ حقیقی ہیں اور ان طلبہ کی رول نمبر سلپس بھی بہائولادین زکریا یونیورسٹی نے جاری کی تھیں اس کے باوجود ان طلبہ کے سپلیمنٹری امتحانات کا رزلٹ جاری نہ کرنا صریحاً ناانصافی اور تعلیم دشمن اقدام ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہزاروں طلبہ و طالبات اپنے تعلیمی مستقبل کے مخدوش ہونے پر سخت ذہنی کوفت میں مبتلا ہیں اور ان کا کیرئیر تباہ ہو رہا ہے جب کہ حکومت کو اس کا کوئی احساس ہی نہیں ہے، یہ انسانی حقوق کی سنگینی خلاف ورزی ہے، انتظامیہ ہوش کے ناخن لیں اور بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کے سپلیمنٹری امتحان کا فی الفوررزلٹ جاری کرے۔