اسلام آباد(صباح نیوز) عالمی بینک نے پاکستان کو دو منصوبوں کی مدد کے لیے 53 کروڑ 50لاکھ ڈالر کی فنانسنگ فراہم کرنے کی منظوری دے دی، رقم موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کم اور سندھ میں لائیو اسٹاک کے شعبے میں بہتری پر خرچ ہوگی۔
عالمی بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان کو 2منصوبوں کے لیے فنانسنگ فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ عالمی بینک نے اعلامیے میں بتایا کہ پہلے پروجیکٹ کے تحت 40کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے، رقم پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کم کرنے پر خرچ ہوگی، اس سے زرعی شعبے کی پیداوار بہتر ہو سکے گی۔ مزید بتایا کہ فنڈز کا مقصد زرعی شعبے کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ بنانا ہے۔ اعلامیے کے مطابق دوسرے پروجیکٹ کے تحت 13کروڑ 50لاکھ ڈالر فراہم کیے جائیں گے، جس کا مقصد سندھ میں لائیو اسٹاک کے شعبے کی بہتری لانا ہے۔ عالمی بینک کے مطابق سندھ میں لائیو اسٹاک کے شعبے کو موسمیاتی تبدیلیاں کے اثرات سے محفوظ بنایا جائے گا۔