اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی کے 3 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی سی ٹی ڈی ملک جمیل ظفر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے 3 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ شہر میں کاروباری تعلیمی ادارے کو ٹی ٹی پی کی جانب سے بھتے کی کال اور خط موصول ہوئے، بھتہ نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی تھیں، ملزمان نے خطوط میں 5،5 کروڑ روپے بھتہ مانگا تھا۔ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ایجنسیوں کی مدد سے دھمکی آمیز کالز اور دس خطوط بھیجنے والے ملزمان کی تلاش شروع کی، انہیں دھمکی آمیز کالز سے ٹریس کرکے اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا، شیر بخت مرکزی ملزم ہے جس کا تعلق سوات سے تعلق ہے اور وہ ٹی ٹی پی سوات کا کمانڈر بھی رہ چکا ہے۔