سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماء اور جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن فریدہ بہن جی نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی وزیراعظم کے دورہ مقبوضہ کشمیرکے خلاف جمعہ کو مکمل ہڑتال کرکے دنیا پر یہ واضح کریں کہ جموں وکشمیرایک متنازعہ علاقہ ہے اور ایک متنازعہ علاقے میں بھارتی وزیراعظم کو کوئی حق نہیں کہ وہ وہاں پر یوگا ایونٹ کا انعقاد کرے ، جمعرات کو اپنے بیان میں فریدہ بہن جی نے کہا کہ دس لاکھ قابض افواج کی موجودگی میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورے کی کوئی حیثیت نہیں ، مودی ایسے دوروںسے دنیا میں یہ تاثر دینے کی ناکام کوشش کررہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں سب کچھ نارمل ہے ،
سینئر حریت رہنماء نے کہاکہ بھارت کی ظالم اور قابض افواج نے کشمیرمیں ظلم وتشدد کا بازار گرم کررکھا ہے روزانہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرکے شہید کیا جاتا ہے اس وقت بھی ہزاروں کشمیری کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں قید ہیں ،کشمیر اس وقت قابض افواج کی موجودگی میں دنیا کے ایک بڑے فوجی زون میں تبدیل ہوکے رہ گیا ہے ،جہاں پر کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیاہے ،فریدہ بہن جی نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم اور دیگر حکام کے نام نہادوروں سے عالمی برادری کو کشمیر کی اصل صورتحال سے گمران ہ نہیں کیا جاسکتا ہے ،
انہوں نے کہاکہ کشمیری اپنے بنیادی حق خودارادیت کے لئے جدوجہد کررہے ہیں اور اس کے لئے ہر طرح کی قربانی پیش کررہے ہیں کشمیریوں کو مودی کے دوروں سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ،کشمیری عوام جمعہ کو بھارتی وزیراعظم کے دورہ کشمیر پر مثالی ہڑتال کرکے دنیا پریہ واضح کریں کہ بھار ت کشمیر پر غیر قانونی طور پر قابض ہے اور وہ کسی صورت اس قبضے کو تسلیم نہیں کرتے ،انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ بھارت کے غیرقانونی اقدامات کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لئے اپنا کردار اداکرے جس کا وعدہ کشمیریوں سے اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کیا گیا ہے ۔