میرپور(صباح نیوز) ضلع میرپور میں کرونا وائرس کے پیش نظر تمام سرکاری وپرائیویٹ تعلیمی ادارے9 فروری تک بند کر دیے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ میرپور نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت ضلع میرپور میں سرکاری وپرائیویٹ تعلیمی ادار ے بشمول کالجز / مسٹ یونیورسٹی 9 فروری تک بند رہیں گے ۔ڈپٹی کمشنر کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی رپورٹ کے مطابق ضلع ہذا میں کرونا وائرس کی شرح دس فیصد سے زائد ہے ۔
محکمہ صحت عامہ کی ریپڈ رسپانس ٹیمز نے رپورٹ کی ہے کہ مختلف تعلیمی ادارہ جات میں کثیر تعداد میں طلبا / طالبات اور سٹاف کے کرونا ٹیسٹ پازیٹو ہیں ۔ اس سلسلہ میں ایس ایس پی میرپور ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز ، اسسٹنٹ رجسٹرار مسٹ یونیورسٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپور اور ڈی ای او صاحبان پر مشتمل کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔
جس میں تمام سے مشاورت کے بعد زیر دستخطی اس نتیجہ پر پہنچا ہے کہ اپیڈیمک ڈیزیز ایکٹ 1958 ایکٹ نمبر بابت 1958 جو فی الوقت آزاد جموں و کشمیر میں نافذ العمل ہے ، کی دفعہ 2 کی رو سے حاصل شدہ اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے ضلع میرپور سرکاری وپرائیویٹ تعلیمی اداروں بشمول کالجز / مسٹ یونیورسٹی کو مورخہ 2-2-2022 تا9-2-2022 تک بند کیا جاتا ہے تاہم تعلیمی ادارہ جات کے اساتذہ / سٹاف حاضر رہیں گے اور متبادل تدریسی ذرائع سے تدریسی عمل جاری رکھیں گے ۔