پنجاب بھر میں نوٹیفائیڈ مویشی منڈیوں کے علاوہ قربانی کے جانور فروخت کرنے پر دفعہ 144 نافذ


لاہور(صباح نیوز)محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں نوٹیفائیڈ مویشی منڈیوں کے علاوہ قربانی کے جانور فروخت کرنے پر دفعہ 144 لگا دی۔پنجاب بھر میں منڈیوں سے باہر مویشی فروخت کرنے، عوامی مقامات پر سری پائے جلانے، دریاؤں، ندی نالوں اور ڈیمز میں نہانے اور کشتی رانی پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ 23 جون تک کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں نوٹیفائیڈ منڈیوں کے علاوہ قربانی کے جانور فروخت کرنے، عوامی مقامات پر سری پائے جلانے، صوبہ بھر کے دریاؤں، ندی نالوں اور ڈیمز میں نہانے اور کشتی رانی پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ۔اس کے علاوہ جانوروں کا فضلے اور اوجھڑی کو مین ہول، نالیوں یا کینال میں پھینکنے پر بھی دفعہ 144 نافذ کی گئی ۔ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کا اطلاق امن و امان کے قیام، ٹریفک کی روانی، ماحول اور انسانی جانوں اور ماحول کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے، پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ حکم نامے پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔