پنجاب، 16 شہید پولیس اہلکاروں کے ورثا کیلئے گرانٹ کی منظوری


لاہور(صباح نیوز)وزیرِ قانون پنجاب صہیب احمد اور وزیرِ خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے 16پولیس اہلکاروں کے ورثا کے لئے گرانٹ اور مراعات کی منظوری دی گئی۔محکمہ خزانہ کو پولیس شہدا کی گرانٹ سے متعلق جلد نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صہیب احمد نے کہا کہ دوران ڈیوٹی پولیس ملازمین پر حملہ کرنے والے ملزمان کو پکڑا جائے، ملزمان کو پکڑنے سے متعلق رپورٹ 7 دن میں جمع کرائی جائے۔صوبائی وزرا نے کہا کہ پنجاب دیگر صوبوں کی نسبت پولیس شہدا کے ورثا کو زیادہ گرانٹ اور مراعات دے رہا ہے۔ وزرا نے رات میں ٹریفک حادثات سے بچنے کے لیے پولیس یونیفارم پر ریفلکٹر یا لائٹ لگانے کی ہدایت کی ہے۔پیکچ ٹو کے تحت شہید کانسٹیبل کے ورثا کو 40 لاکھ اور ایک کروڑ 35 لاکھ گھر کے لیے دیے جائیں گے جبکہ پیکچ تھری کے تحت شہید کانسٹیبل کے ورثا کو 30 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔پیکچ ٹو کے تحت شہید اے ایس آئی اور سب انسپکٹر کے ورثا کو 50 لاکھ روپے دیے جائیں گے جبکہ پیکچ ٹو کے تحت شہید اے ایس آئی اور سب انسپکٹر کے ورثا کو گھر کے لیے ایک کروڑ 75 لاکھ دیے جائیں گے۔پیکچ تھری کے تحت شہید اے ایس آئی اور سب انسپکٹر کے ورثا کو 40 لاکھ دیے جائیں گے۔