کراچی (صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے مرکزی نائب امیر راجہ فاضل حسین تبسم نے کہا ہے کہ کشمیری حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں کے ذریعے آزادی کے لیے جدوجہد کا حق دے رکھا ہے ۔
کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کشمیریوں سے کیا گیا وعدہ پورا کرے جماعت اسلامی آزاد کشمیر ویثرن 2030 کی روشنی میں کشمیر کی آزادی اور بیس کیمپ کی خوشحالی کے لئے مخلص،دیانت دار،پر عزم اور جرات مند قیادت کی تیاری کے لئے کوشاں ہے۔جماعت اسلامی آزاد کشمیر نصف صدی سے آزاد کشمیر میں تعلیم صحت اور بے روزگار نوجوانوں کے لئے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔راجہ فاضل تبسم نے کہا کراچی پریس کلب میں آکر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کراچی پریس کلب صحافیوں سمیت معاشرے میں ظلم کے خلاف آواز ہے ، صحافی ہر مہذب معاشرے کا چہرہ ہوتا ہے، مالی بحران میں ہمارے صحافی بھی بری طرح سے متاثر ہیں۔ کشمیریوں کے حقوق اور جمہوریت کے لئے کراچی پریس کلب کی جدوجہد تاریخ میں درج ہے۔
آزاد کشمیر میں وژن 2030 کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے ایک کروڑ پودے لگانے پر کام کر رہے ہیں،جس سے بے روزگاری کا خاتمہ ہو گا مقبوضہ جموں کشمیر کی آزادی کے لئے جماعت اسلامی نے لازوال قربانیاں دی ہیں ، آج بھی ڈاکٹر عبد الحمید فیاض امیر جماعت مقبوضہ کشمیر سمیت قیادت پابند سلاسل ہے ، ہر ممکن کوشش ہے کہ تحریک زندہ رہے ، کلمہ کی بنیاد پر قائم پاکستان کے ساتھ رہنا کشمیریوں کے ایمان کا حصہ ہے ، کشمیر کے ہر گھر میں شہدا کے وارث ہیں ، پاکستان کی طرف سے کشمیری عوام کے لئے کردار کم ہوا ہے جسے پورا کرنا اشد ضروری ہے، حال ہی میں مہنگائی کے خلاف عوامی تحریک کا آغاز ہوا اور مطالبات منوانے گئے ، اپنے سیاسی کیریئر میں ایسے مناظر نہیں دیکھے تھے کہ مظاہرین کے لئے تاجروں نے اپنے دروازے کھول دیئے اور کھانے پینے کی اشیا مفت پیش کر دیں ۔
کراچی پریس کلب میں راجہ فاضل حسین تبسم کے ہمراہ سیکریٹری حلقہ پاکستان برائے کشمیری مہاجرین راجہ محمد صغیر خان اور نائب امیر حلقہ پاکستان سردار عبدالحمید خان بھی موجود تھے جبکہ کراچی پریس کلب کے سیکریٹری شعیب احمد ، مقصود یوسفی ، اے ایچ خانزادہ، نواب قریشی، ارمان صابر ، نصراللہ چوہدری ، امتیاز علی ، شمس کیریو سمیت دیگر صحافی بھی موجود تھے۔ سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے آگاہ کیا کہ کراچی پریس کلب تاریخی اعتبار سے جمہوریت کے لئے ہمیشہ جدوجہد کی ہے اور اراکین کے حقوق سمیت معاشرے کی عکاسی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں رنما جماعت راجہ فاضل حسین تبسم نے کہا جماعت اسلامی آزاد خطے میں اب آئی ٹی اور بنو قابل جیسے منصوبوں کو آگے بڑھانے پر کام کر رہی ہے۔
پریس کلب کی تقریب سے پی ایف یو جے کے سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سے سیاسی رہنماں کی آمد ہمارے لئے نہ صرف خوشی کا باعث ہے بلکہ موجودہ حالات کے تناظر میں اس کی بہت اہمیت ہے ، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، کشمیری چاہے آزاد رہیں یا پاکستان سے الحاق کریں قبول ہے لیکن تیسرا کوئی آپشن نہیں ہے اب پاکستانیوں کا رویہ مستقبل کا تعین کرے گا یہی زمینی حقائق بھی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی کا نعرہ پوری دنیا نے سنا کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے اور امید ہے کہ کشمیری رہنماں کا دورہ خلیج ختم کرنے میں کردار ادا کرے گا۔ آخر میں پریس کلب کراچی کے سیکرٹری جنرل شعیب احمد نے اپنے عہدے داروں کے ساتھ راجہ فاضل تبسم کو سندھی اجرک کا تحفہ پیش کیا ۔راجہ فاضل تبسم نے کراچی پریس کلب کے عہدے داروں کا شکریہ ادا کیا ۔