اسلام آباد(صباح نیوز)عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 1ارب ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عالمی بینک کے ایگزیکٹو بورڈ نے قرض کی منظوری داسو ہائیڈرو پاورپراجیکٹ کیلئے دی ہے،فنڈز داسو ہائیڈرومنصوبے کے فیز ون پرخرچ کئے جائیں گے،عالمی بینک کے مطابق منصوبے سے بجلی کی سپلائی میں بہتری اور توسیع ہوگی۔
منصوبے سے عوام کو سماجی ومعاشی سہولیات تک رسائی حاصل ہوگی،پہلے مرحلے میں بجلی کا پیداواری تخمینہ 2160میگاواٹ ہے، پاکستان کے توانائی شعبے کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، داسو ہائیڈرو منصوبہ پاکستان کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا، اس سے پاکستان میں سستی بجلی پیدا ہو سکے گی۔
منصوبہ مکمل ہونے پر 4320میگاواٹ سے 5400میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ پہلے مرحلے میں بجلی کی پیداوار کا تخمینہ 2160میگاواٹ لگایا گیا ہے۔ عالمی بینک کے مطابق داسوہائیڈرو منصوبہ دنیا کی بہترین سائٹس میں سے ایک ہے۔ منصوبے سے بجلی کی سپلائی میں بہتری اور توسیع ہوگی۔ سستی بجلی پیدا ہونے سے عوام کو سماجی و معاشی سہولیات تک رسائی حاصل ہوگی۔