اسلام آباد (صباح نیوز)ملک میں مہنگائی دوسال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ جنوری2022میں ملک میں مہنگائی کی شرح12.96فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوری میں مہنگائی کی شرح میں 0.39فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جولائی تا جنوری مہنگائی کی اوسط شرح10.26ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق دسمبر2021میں مہنگائی شرح12.3فیصد تھی۔ جنوری2021میںمہنگائی کی شرح5.7فیصد تھی۔
ادارہ شماریات کے مطابق جنوری میں سالانہ بنیادوں پر کوکنگ آئل 54.33فیصد، گھی47.4،دال مسور41.3فیصد مہنگی ہوئی۔ جبکہ جنوری میںپھل سالانہ بنیادوںپر28.35فیصد مہنگے ہوئے۔ جبکہ پلاسٹک مصنوعات سالانہ بنیادوں پر11.72فیصد، جبکہ سالانہ بنیادوں پر جنوری میں بجلی چارجز میں 56-20فیصد اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب یکم فروری کو یوٹیلٹی سٹورز پر مختلف اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔ درجہ اول گھی ، خوردنی تیل، دودھ، کسٹڈ، جیم اور صابن مہنگا کردیا گیا۔
یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے قیمتوں میں اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ درجہ اول گھی کے پانچ کلو پیک کی قیمت 2032روپے مقرر کردی گئی۔ درجہ اول کے کوکنگ آئل کی قیمت412روپے فی لیٹر مقررکردی گئی جبکہ درجہ دوئم کوکنگ آئل کی قیمت 393روپے فی لیٹر مقررکی گئی۔
یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے مطابق اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اکتوبر 2021کے بعد اب کیا گیا ۔