حیدرآباد گیس سلنڈر دھماکے کے مزید 2زخمی دم توڑ گئے ، جاں بحق افراد کی تعداد 23 ہو گئی


حیدرآباد(صباح نیوز)حیدرآباد گیس سلنڈر دھماکے کے مزید دو زخمی کراچی کے ہسپتالوں میں دم توڑ گئے، جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 23 ہو گئی۔13سالہ ماہ نور ولد حبیب اور 4سالہ حرم ولد اشرف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے، 8زخمی اب بھی تشویشناک حالت میں کراچی کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

دوسری جانب حیدرآباد میں گیس سلنڈر دھماکے کے بعد ضلعی انتظامیہ کا ایل پی جی سلنڈرز کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔انتظامیہ کی جانب سے شہر میں ایل پی جی کی ایک دکان پر کارروائی کے دوران 100 سے زائد سلنڈر ضبط کر لئے گئے ۔چوڑی مارکیٹ میں ایک ہوٹل پر کارروائی کے دوران 13سلنڈر ضبط کیے گئے، خفیہ طور پر ایل پی جی فروخت کرنے پر ایک دکان کو سیل بھی کیا گیا ہے۔