اسلا م آباد(صباح نیوز)قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی(ایکنک) نے اسلام آباد میں ایک اجلاس میں شاہراہوں کے بنیادی ڈھانچے کے چار منصوبوں کی منظوری دی جن پر 130 ارب روپے لاگت آئے گی۔
منصوبہ و ترقی کے وزیر اسد عمر نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ان میں کمالیہ، شورکوٹ، چوک اعظم، لیہ، حاصل پور، بہاولنگر اور وہاڑی، پاک پتن، دیپالپور اور شور کوٹ، جھنگ کے شاہراہوں کے منصوبے شامل ہیں۔اجلاس میں 126 ارب روپے مالیت کے نئے ڈیزائن پر مبنی k-4 منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے اگلے سال اکتوبر تک کراچی کو 26 کروڑ گیلن پانی فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔ایکنک نے جنوبی پنجاب کی 16 تحصیلوں کے دیہی علاقوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے ایک منصوبے کی بھی منظوری دی جس پر 96 ارب روپے لاگت آئے گی۔