پارٹی فلسفے کے مطابق مفت علاج عوام کے گھروں تک پہنچائیں گے ،بلاول بھٹو زرداری


لاڑکانہ (صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اپنے پارٹی فلسفے کے مطابق مفت علاج عوام کے گھروں تک پہنچائیںگے ۔پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو صحت کو ترجیح دیتی ہے ۔

فخر کی بات ہے کہ عوام اب بھارت کے بجائے ٹرانسپلانٹ کے لیے سندھ آتے ہیں ۔وہ جمعرات کو لاڑکانہ میں ایس آئی یو ٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔انہوںنے کہا کہ ایس آئی یو ٹی انسانیت کی خدمت کرنے والا ادارہ ہے ۔

ڈاکٹر ادیب رضوی کی زندگی بھر کی محنت کے باعث ایک اچھا ادارہ سندھ میں کام کر رہا ہے۔ایس آئی یو ٹی اس بات کا ثبوت ہے کہ جب صحیح افراد کو منتخب کیا جاتا ہے کہ تو ورلڈ کلاس ادارے بنتے ہیں جبکہ کراچی میں 10اسپتال میں اور سکھر کے بعد لاڑکانہ میں ایس آئی یوٹی کا کھلنا خوش آئند ہے ۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپنے پارٹی فلسفے کے مطابق مفت علاج عوام کے گھروں تک پہنچائیںگے ۔پاکستان میں زندگی بھر گردے کا مہنگا علاج کروانا ممکن نہیں ،ایس آئی یو ٹی مریضوں کو علاج کے ساتھ مکمل ماہانہ دوائیں فراہم کرتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو صحت کو ترجیح دیتی ہے ،مفت علاج ہر پاکستانی کا حق ہے ۔گردے کے ٹرانسپلانٹ کے لیے لوگ پہلے بھارت جاتے تھے ۔فخر کی بات ہے کہ عوام اب بھارت کے بجائے ٹرانسپلانٹ کے لیے سندھ آتے ہیں ۔دریں اثناپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری  نے ہندو دھرم شالہ میں دیوالی کی تقریب میں شرکت کی اور ہندو برادری کے افراد کو مبارک باد دی۔

بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سندھ کے وزیراعلی سید مراد علی شاہ اور پی پی ہی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن جمیل سومرو بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر دھرم پال پوہنوانی، نول را کٹیار، ہریش کمار، ڈاکٹر سدام چند، اجیت کمار، نانک رام بجاج، ڈاکٹر ولی رام، جے گل ودیگر نے  بلاول بھٹو زرداری کا ستقبال کیا۔تقریب میں رمیش لال، گیان چند اسرانی، مکیش کمار چاولہ، ڈاکٹر لال چند اکرانی،ناصر شاہ، عاجز دھامراہ، جام اکرام اللہ دھاریجو، خورشید جونیجو، سہیل سیال، اعجاز جاکھرانی، اعجاز لغاری، گھنور خان اسران ،شفقت سومرو، منصور شاہانی، کلپنا دیوی، ڈاکٹر سنسدام چند، جھنور لال، دلیپ کمار، سردار پرلاش سنگھ، مول چند ودیگر بھی موجود تھے ۔