ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل گورننس کی طرف پیش رفت کی ضرورت ہے،وزیر خزانہ محمداورنگزیب

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل گورننس کی طرف پیش رفت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعہ محصولات میں اضافہ میں پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں ٹیکس میکینزی اینڈ کمپنی کے علاقائی سربراہ ٹام ایشر ووڈ اور میکینزی کے پارٹنر علی ملک سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اقتصادی امور کے وزیرمملکت علی پرویز ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات میں وزیر خزانہ نے ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل گورننس کی طرف پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ایف بی آر کی ڈیجیٹلایزیشن کے ذریعہ ٹیکس وصولی کو بہتر بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ ایف بی آر کے ٹیکس سسٹم کو ڈیجیٹائز کرنے میں پرال اور ریمیٹ کے ڈیٹا کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔ملاقات میں ڈیٹا سے استفادہ کرتے ہوئے ڈیش بورڈز کے ذریعے روزانہ کی رپورٹنگ کو لاگو کرکے حقیقی وقت میں پیشرفت اور نگرانی کے ذریعے فوری نتائج کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر مملکت علی پرویز ملک نے ڈیٹا کی موثر تخلیق،انتظام اور جائزہ کے ذریعہ جاری مشق کو بہتر بنانے سے متعلق امور کا جائزہ پیش کیا۔میکینزی کی ٹیم نے وزیر خزانہ و محصولات کا شکریہ ادا کیا۔ ٹیم نے یقین دلایا کہ مقررہ نظام الاوقات کے اندر رہتے ہوئے مشق کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا،علاوہ ازیں  بل اینڈ میلینڈاگیٹس فائونڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر جیسن لیمب سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن سے شفافیت اور وصولیوں میں اضافہ ہوگا۔ ۔اس موقع پر وزیر مملکت علی پرویز ملک، ایف بی آرکے ممبر اصلاحات اور کار انداز پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے بل اینڈ میلینڈا گیٹس فائونڈیشن کی جانب سے ایف بی آر کی جاری ڈیجیٹلائزیشن کے لیے میکینیزی اینڈ کو کو شامل کرنے میں تعاون کو سراہا۔

وزیر خزانہ نے پاکستان میں ای گورننس کی صلاحیت اور استعداد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن ٹیکس وصولی کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے شفافیت اور آمدنی میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے موجودہ ڈیٹا کو ٹیکس کے مقاصد کے لیے موثر طریقے سے استعمال کرنے کے لیے ضروری اصلاحات کا بھی ذکر کیا۔ وزیر مملکت علی پرویز ملک نے ملک میں فوری ادائیگی کے نظام راست کے نفاذ کے چیلنجوں اور اس کی فعالیت کو بہتر بنانے کے طریقوں کاجائزہ پیش کیا۔ اجلاس کے شرکا نے اہداف کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔