پاکستان اور بھارت مسلہ کشمیر پرامن مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کریں حریت کانفرنس


 سری نگر— کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے اور دونوں ممالک کو اسے پرامن مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک  بیان میں کہا کہ جنگ کوئی آپشن نہیں ہے کیونکہ یہ صرف تباہی لاتی ہے اور یہ کبھی نہیں ہونی چاہیے لیکن تنازعات اور کشیدہ صورتحال کی موجودگی میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بات چیت کے ذریعے ہر چیز پرامن طریقے سے حاصل کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی قیادت کو بالخصوص جنوبی ایشیا اور بالعموم پوری دنیا کے عوام کے بہتر مستقبل کے لیے دانشمندی سے کام لینا ہو گا کیونکہ عوام میں امن کی خواہش پائی جاتی ہے لیکن امن کسی خلا یاتنازعات کی موجودگی میں حاصل نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کی قیادت کو ایک میز پر بیٹھنا چاہیے اور کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا پرامن حل تلاش کرنا چاہیے۔