نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید کشمیری رہنما محمد یاسین ملک دوبارہ لبریشن فرنٹ کے چیرمین منتخب


اسلام آباد(صباح نیوز) جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید کشمیری رہنما محمد یاسین ملک کو دوبارہ پارٹی چیرمین بنا دیا ہے  جبکہ خواجہ سیف الدین، سلیم ہارون ، ضیاء الحق  اور راجہ حق نواز خان  جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ  کے  سینئر وائس چیئرمین، ہوں گے۔صابر گل مرکزی چیف آرگنائزر  پروفیسر راجہ ظفرخان کو سفارتی شعبے کے سربراہ ، محمد رفیق ڈارپارٹی و چیئرمین کے ترجمان اور خواجہ منظور احمد چشتی سیکریٹری مالیات ہوں گے۔

ترجمان  جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کی پریس ریلیز کے مطابق  چیف الیکشن کمشنر اعظم ضیاء کی سربراہی  میں پانچ رکنی الیکشن کمیشن نے  پارٹی عہدیدارن کا انتخاب مکمل کر لیا ہے  ۔ صبا ح نیوز کے مطابق ممبر الیکشن کمیشن ساجد صدیقی نے شرکائے اجلاس کو پارٹی کے اندر جاری مشاورتی عمل اور مختلف عہدوں کے لئے امیدواران کی فہرست پیش کی اور ہر ایک عہدے کے لئے امیدوار کے بارے میں ممبران سے رائے لی۔

ترجمان کے مطابق بھارتی تہاڑ جیل میں محبوس قائد ِانقلاب اور کشمیری قوم کے ہردلعزیز قومی رہنما  محمد یاسین ملک کو سپریم کونسل نے دوبارہ اتفاق رائے کے ساتھ اور ان کی باصلاحیت اور ولولہ انگیز قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین کے عہدے پر بدستور فائز رکھنے کا فیصلہ کیا ۔الیکشن کمیشن نے بعد ازاں اتفاق رائے کے ساتھ منتخب وانے والے باقی ماندہ جملہ عہدیداران کا حتمی اعلان کیا جس کے مطابق پارٹی کے سینئر رہنما ممبر سپریم کونسل سابق مرکزی چیف آرگنائزر راجہ حق نواز خان سینئر وائس چیئرمین کے عہدے پر منتخب ہوئے ہیں۔نتائج کے مطابق پارٹی کے سینئر رہنما خواجہ سیف الدین، سلیم ہارون اور گلگت سے ضیاء الحق وائس چیئرمین جبکہ برطانیہ میں مقیم پارٹی کے سینئر رہنما وسابق صدر برطانیہ زون صابر گل مرکزی چیف آرگنائزر کے عہدوں پر منتخب ہوئے ہیں۔

مزید تفصیلات کے مطابق پروفیسر راجہ ظفرخان کو سفارتی شعبے کے سربراہ ، محمد رفیق ڈارکو پارٹی و چیئرمین کے ترجمان اور خواجہ منظور احمد چشتی کو سیکریٹری فائنانس کے عہدوں پر دوبارہ منتخب کیاگیا ۔پارٹی کے سینئر و بزرگ رہنماحافظ محمد انور سماوی کوجموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے پالیسی اینڈ پلاننگ کمیشن کے چیئرمین کے طور پر منتخب کیا گیاجبکہ بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر کے لئے تنظیم کے مرکزی سیکریٹری جنرل ، تین وائس چیئرمین اور دیگر عہدے مختص رکھے گئے۔

الیکشن کمیشن کے نتائج کے مطابق پارٹی کے سینئر رہنماسردار جاوید حنیف کو ڈپٹی سیکریٹری جنرل، سینئر رہنماسردار محمد انور خان کو ڈپٹی چیف آرگنائزر جبکہ سینئر رہنما حافظ ممتاز احمدکو ڈپٹی سیکریٹری فائنانس کے عہدوں کے لئے منتخب کیا گیا۔مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار کے مطابق سپریم کونسل کے اجلاس میں شرکاء نے باہمی مشاورت اور جمہوری روایات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے بڑی خوش اسلوبی اوراتفاق رائے کے ساتھ پارٹی کے مرکزی عہدیداران کا انتخاب کیا۔انتخابات کے بعد جملہ مرکزی عہدیداران کا حلف چیف الیکشن کمیشن نے موقع پر ہی لیا اور یو ں 18 نومبر 2020ء کولیا گیا تنظیم ِ نو کا فیصلہ تکمیل کو پہنچا۔