میئر آف پینڈل برطانیہ چوہدری اسلم جوڑا کا راجہ نجابت حسین کی دعوت پر میرپورکادورہ


میرپور(صباح نیوز) میئر آف پینڈل برطانیہ چوہدری اسلم جوڑا نے جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین کی خصوصی دعوت پر میرپورکادورہ کیا ہے ۔  اس موقع پر اسلم جوڑا نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے کیلئے راجہ نجابت حسین کی کوششوں کو سراہتے ہیں اور اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے کے لئے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن، پائیدار اور فوری حل کے لئے راجہ نجابت حسین کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرتے رہیں گے۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین، ستارہ پاکستان کی خصوصی دعوت پر برطانیہ سے پاکستان تشریف لائے ہوئے میئر آف پینڈل برطانیہ چوہدری اسلم جوڑا  نے آج میرپور آزادجموں وکشمیر کا نجی دورہ کیا۔ راجہ نجابت حسین کی جانب سے میرپور کے مقامی ہوٹل میں معزز مہمانوں کے لئے پر وقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

میئر آف پینڈل برطانیہ  چوہدری اسلم جوڑا کے ہمراہ کونسلر ریڈلے، برنلے، برطانیہ راجہ سجاد بھی تشریف لائے۔ معزز مہمانوں کا استقبال جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین، تحریک کے پاکستان کے کنٹری کو آرڈی نیٹر راجہ ساجد محمود، چوہدر ی محمد اسلم (برطانیہ)، توقیر نجیب ایڈووکیٹ، سماجی راہنما فاروق جرال و دیگر نے کیا۔ چیئر مین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگانے تقریب میں خصوصی طور پرشرکت کی۔

اس پروقار تقریب میں جن دیگر معززین نے شرکت فرمائی ان میں پرنسپل ریٹائرڈ محترمہ حفصہ باری، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں محترمہ فرخ اویس، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں محترمہ صبا اویس، میرپور کی معروف شاعرہ محترمہ حنا کرامت، منیجر پاسپورٹ آفس ضلع میرپور یعسوب خان، معروف کاروباری شخصیت محمد رشید۔، بیکن ہاؤس سکول سسٹم میرپور کی پرنسپل محترمہ سمیرا تنویر، مسٹر وقاص اکاؤنٹنٹ بیکن ہاؤس سکول سسٹم میرپور، نامور ریڈیو اینکر راجہ عبدالرؤف خان، صدر کھڑی شریف ویلفیئر سوسائٹی چوہدر ی اظہر محمود، سینئر صحافی میرپور سجاد جرال ود یگر شامل ہیں۔ راجہ نجابت حسین نے  میئر آف پینڈل اور کونسلر آف ریڈلے کو میرپور آمد پر خوش آمدید کہا۔

میئر آف پینڈل برطانیہ چوہدری اسلم جوڑا نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ راجہ نجابت حسین کی کشمیر لابی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ہمیشہ رابطے میں رہتے ہیں اور مستقبل میں بھی جہاں ان کی ضرورت محسوس ہو وہ ہمہ وقت راجہ نجابت حسین اور ان کی پوری ٹیم کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے مسئلہ کشمیر کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کرنے کے لئے تیار ہیں اور ہمارا عملی تعاون راجہ نجابت حسین اور ان کی ٹیم کے ساتھ جاری رہے گا۔ راجہ نجابت حسین کی خصوصی درخواست پر میئر آف پینڈل برطانیہ چوہدری اسلم جوڑا اور کونسلر ریڈلے برطانیہ راجہ سجاد نے ضلع کونسل میرپور کا دورہ کیا۔ ضلع کونسل میرپور پہنچنے پر میئر اور کونسلر برطانیہ کو چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا و دیگر عہدیداروں نے گلدستے پیش کرکے انتہائی پر تپاک استقبال کیا۔

میئر آف پینڈل برطانیہ چوہدری اسلم جوڑا  نے چیئرمین ضلع کونسل میرپور و دیگر کونسلوں کے چیئرمین حضرات کو دورہ برطانیہ کی دعوت دی اور کہا کہ یہ لوگ برطانیہ آئیں اور میں برطانوی اور پاکستانی و آزادجموں و کشمیر کی کونسلز کے باہمی تعاون، اشتراک اور دیگر امور کے سلسلہ میں اپنا بھرپور عملی کردار ادا کروں گا اور ضلع میرپور، میرپور ڈویژن، پورے آزادجموں وکشمیر اور پاکستان میں کمیونٹی کی بہتری و خوشحالی کے لئے مجھ سے جو کچھ ہو سکا میں اپنی جانب سے ہر ممکن عملی تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔ ضلع کونسل میرپور میں چوہدری اشفاق نور، ممبر ضلع کونسل توقیرنجیب ایڈووکیٹ و دیگر عہدیداران و اہلکاران نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

میئر آف پینڈل برطانیہ چوہدری اسلم جوڑا اور کونسلر ریڈلے برطانیہ راجہ سجاد نے راجہ نجابت حسین کی قیادت میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میرپور کیمپس کا دورہ کیا جہاں یونورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وفد نے یونیورسٹی کے ریجنل ڈائریکٹر شیخ شہزاد کے ساتھ خصوصی ملاقات کی۔ ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میرپور نے وفد کو یونیورسٹی کے تمام شعبوں کا تفصیلی دورہ کروایا اوریونیورسٹی میں جاری تمام تعلیمی پروگرامز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ریجنل ڈائریکٹر شیخ شہزاد نے میئر آف پینڈل برطانیہ چوہدری اسلم جوڑا  اور راجہ نجابت حسین سے یونیورسٹی کے احاطہ میں یادگاری پودے لگوائے۔

میئر آف پینڈل برطانیہ اور راجہ نجابت حسین نے شیخ شہزاد ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میرپور کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور یونیورسٹی کے پروگراموں میں خصوصی دلچسپی لی اور کہا کہ یونیورسٹی میں داخلہ لینے والوں کی بڑی تعداد یونیورسٹی کی بہت بڑی کامیابی ہیں اور علم و ہنر کے بغیر قومیں ترقی نہیں کرتیں اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی جس طرح علم پھیلا رہی ہے یہ انتہائی اہمیت کا حامل کام ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ راجہ نجابت حسین اور میئر آف پینڈل برطانیہ چوہدری اسلم جوڑا نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ساتھ مل کر مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا اور کہا کہ مستقبل قریب میں راجہ نجابت حسین اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ساتھ یاداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے اور عملی طور پر تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔