اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ قابض ہندوستانی افواج ریاستی دہشت گردی سے پلواما اور چرارشریف میں کشمیریوں کی شہادت عالمی برادری کے منہ پر طمانچہ ہے ،ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے بین الاقوامی برادری کی خاموشی سے شہ پر کشمیرمیں قتل عام جاری ،کالے قوانین کی آڑ میں نوجوانوں کو ہدف بنا کر شہید کیا جارہا ہے آئے روز کرفیو لگا کر گھرگھر تلاشی کے نام پر کشمیریوں کا مال و اسباب کو لوٹا جارہا ہے ،شدید سردی کے باوجود بزرگوں اور خواتین کو کھلے آسمان تلے تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے بنیادی انسانی حقوق غصب کرتے ہوئے انٹرنیٹ،ٹیلی فون سروسز معطل کررکھی ہیں کشمیر کو 912دنوں سے دنیا کی بڑی جیل تبدیل کردیا ہے عالمی برادری ہندوستان کے مظالم پر خاموشی کا روزہ توڑ کر اپنا مطلوبہ کردار ادا کرے ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ،ا و آئی سی،یورپی یونین اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں رکوانے اور جنگی جرائم میں مرتکب ہونے پر ہندوستان کے خلاف کارروائی کریں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ جس نے ہندوستان کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا ہے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انسانی حقوق کمیشن رپورٹ کی روشنی میں ہندوستان کے خلاف کارروائی کرے۔
انہوںنے کہاکہ کشمیری اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنے پیدائشی حق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں مہذب دنیا نے اپنا مطلوبہ کردار ادا نہ کیا تو انسانی تاریخ کا بڑا المیہ رونما ہو گا جس سے پوری دنیا کا امن تباہ ہو گا انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان ہندوستان کے خلاف عالمی سطح پر منظم سفارتی مہم چلائے دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہندوستان کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں ۔