امریکا نے پاکستان کو فائزر ویکسین کی47 لاکھ خوراکیں فراہم کیں،امریکی سفارتخانہ


اسلام آباد(صباح نیوز) امریکی سفارتخانہ نے کہا ہے کہ امریکا نے کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے پاکستان کو 47 لاکھ فائزر ویکسین کی خوراکیں فراہم کیں۔

امریکی سفارت خانے کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ نئی فراہم کردہ ویکسین کے بعد امریکا کی جانب سے اب تک پاکستان کو مجموعی طور پر 4 کروڑ 14 لاکھ ویکسین فراہم کی جاچکی ہیں۔

سفارتخانے نے کہا کہ فائزر ویکسین کورونا وائرس کی کسی بھی قسم کے خلاف موثر ہے، کورونا مخالف اشتراک کے تحت پاکستان کو تقریبا ً7 کروڑ ڈالر کی امداد بھی دی ہے۔

امریکی سفارتخانے نے کہا کہ امریکا کوویکس کے تحت ویکسین کی فراہمی کا سب سے بڑا حصہ دار ہے۔امریکا 110 ممالک کو کورونا ویکسین کی 40 کروڑ سے زائد خوراکیں دے چکا ہے۔