جامع مسجد سری نگرجموں و کشمیر کے لاکھوں لوگوں کے ایمان کا مرکز ہے۔نیشنل کانفرنس


سری نگر(کے پی آئی) نیشنل کانفرنس نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر مسلسل پابندی کی شدیدمذمت کی ہے۔

نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ 6اگست 2021سے مسلسل 26ویں ہفتے تاریخی اور مرکزی جامع مسجد نوہٹہ میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنا آزادی اظہار اور مذہب کی آزادی کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہاکہ جامع مسجد کشمیرکی مرکزی مسجد ہے اور جموں و کشمیر کے لاکھوں لوگوں کے ایمان کا مرکز ہے۔ اس عظیم مسجد کو مسلمانوں کے لیے مسلسل26 ہفتوں تک بند رکھنا انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہر جمعہ کو وادی کے مختلف علاقوں سے مرد، خواتین اور بزرگ اس تاریخی مسجد میں آتے ہیں اور مایوس ہوکر واپس لوٹ جاتے ہیں۔

کے پی آئی کے مطابق عمران نبی نے کہا اس طرح کی غیر ضروری پابندیوں سے لاکھوں لوگوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا جارہا ہے۔