دنیا کشمیر اورفلسطین میں بہنے والے خون کا نوٹس لے،سراج الحق


اسلام آباد(پ ر)جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سراج الحق نے کہاہے کہ 57اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی بے حسی اور بزدلی کے باعث کشمیراور فلسطین میں مسلمانوںکاخون بہایا جارہاہے،ہندوستان کو دنیا میں کوئی ایک ملک بھی ایسا نہیں ملا جو کشمیرکے بنیادی حق کے خلاف اس کاساتھ دے دنیا کشمیر اور فلسطین میں بہنے والے خون کو سنجیدہ لے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق دے، کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں،ہندوستان کی قیادت نے ساری دنیا کے سامنے عہد کیاتھاکہ وہ کشمیریوںکو حق دے گی لیکن ہندوستان اپنے عہد سے منحرف ہوگیا، مقبوضہ کشمیرمیں جعلی انتخابات رائے شماری کا متبادل نہیں ہیں،دو کروڑکشمیریوںنے اپنے حق رائے سے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کس کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں.

ان خیالات کا اظہارانھوں نے ڈاکٹر محمد مشتاق خان کی سربراہی میں بیرون ملک سے آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا ،وفد میں جماعت اسلامی کے سابق امیر عبدالرشید ترابی ،راجہ جہانگیر خان ڈاکٹر غلام بنی فائی ،محمد غالب ،فیہم کیانی،غلام محمد صفی،سردار ذولفقار روشن خان،نذیر قریشی، ظفر قریشی، مزمل ایوب ٹھاکرشا مل تھے،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے مقبوضہ کشمیرکی تازہ ترین صورت حال پر بریف کیا، بیرون ملک سے آئے ہوئے قائدین نے اپنے اپنے ممالک کی صورت حال کے حوالے سے مسئلہ کشمیرکو کیسے اجاگر کیاجاسکتاہے پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا،جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سراج الحق نے وفد ک یقین دلایاکہ پاکستانی عوام اور جماعت اسلامی اپنے کشمیر ی بھائیوں کے ساتھ ہیں،حکومتوں کی کمزوری ہوسکتی ہے لیکن پاکستان کے 25کروڑ عوام اور جماعت اسلامی صبح آزادی تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہے گی۔انھوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے والے قائدین کی تحسین کی اور کہاکہ اوورسیز کشمیری اور پاکستانی مسئلہ کشمیرکو اجاگر کرنے کے لیے بڑی طاقت ہے