لاہور(صباح نیوز) لاہور کو رہائش کیلئے ماحول دوست بنانے کیلئے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایل ڈی اے ایونیوون کا دورہ کیا اور لاہورکو بہترین ماحول دوست رہائشی شہر بنانے کے لیے 87 کنال پر محیط سنٹرل پارک کا افتتاح کردیا، وزیراعلی نے ایل ڈی اے ایونیو ون سنٹرل پارک میں پودا بھی لگایا۔
اس موقع پر وزیراعلی پنجاب کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایل ڈی اے ایونیوون سوسائٹی میں ماحول کے تحفظ اور خوبصورتی کیلئے اختراعی اقدامات کیے گئے ہیں، ایل ڈی اے ایونیوون کے سنٹرل پارک کو ماڈل پارک بنایا گیا ہے، سنٹرل پارک میں جاگنگ ٹریک،واک ویز،کڈز پلے ایریا،اوپن جم اور بیڈمنٹن کورٹ قائم کیاگیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایل ڈی اے ایونیو ون سنٹرل پارک میں کیفے ٹیریا، مسجد اور روز گارڈن بنایاگیا ہے، سنٹرل پارک میں سولر سٹریٹ لائٹس لگائی گئی ہیں، کھانے پینے کی اشیا کیلئے مخصوص وینڈرنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، ایل ڈی اے ایونیوون میں رین واٹر ہارویسٹنگ،سائیکلنگ اورماڈل قبرستان بھی بنایاگیا ہے۔
وزیراعلی مریم نواز نے ایل ڈی اے ریونیو ون کے وینڈرگ پوائنٹس کا جائزہ لیا جہاں صاف ستھری اور نئے ڈیزائن کی ریڑھیوں پر پھل و سبزیاں فروخت کے لئے موجود تھیں۔ مریم نواز نے کہا کہ اچھا انتظام ہے مگر کسی دن اچانک آکر دوبارہ بھی چیک کروں گی۔ وزیراعلی نے ایل ڈی اے اپ گریڈڈ انفورسمنٹ سکواڈ کا بھی معائنہ کیا اور انفورسمنٹ سکواڈ کو نئی موٹر سائیکلوں کی چابیاں دیں۔