محمد حسین محنتی کا ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پرااظہار افسوس

کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این محمد حسین محنتی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا ساتھیوں سمیت ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحہ پرپوری امت غمگین ہے عالم اسلام ایک نڈر اور جرائت مند رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔

اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ  صدر رئیسی ایک دبنگ انسان تھے جو امریکہ کی تمام دھمکیوں اور پابندیوں کے باوجود اپنے موقف پر ڈٹے رہے اور اپنے ملک و قوم کی فلاح وبہبود و ترقی کے لیے اقدامات کرتے رہے۔ انہوں نے کہاکہ صدر رئیسی کی کوششوں سے مسئلہ فلسطین غزہ حماس کے مجاہدین اور اہل فلسطین کو بڑا حوصلہ ملا۔

امیر جماعت سندھ نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ خوشگوار و مضبوط تعلقات استوار رکھنے میں بھی بڑا اہم کردار ادا کیا حالیہ دورہ پاکستان کے موقعے پر انہوں نے علماء کرام اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقات میں واضح کیا کہ ایران دنیا میں اسلام کے غلبہ کا علمبردار ہے۔

اسلام مخالف قوتوں کی ہر سازش کو ناکام بنادیں گے۔ سعودی عرب کے ساتھ کشیدگی میں صورتحال کو معمول پر لانے اور اتحاد امت میں بھی ان کے حکیمانہ کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ صدر رئیسی کی شہادت نہ صرف ایرانی قوم بلکہ پوری امت کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔ جماعت اسلامی اور پوری پاکستانی قوم ایرانی قوم کیساتھ اس دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت درجات بلند اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔