آئی ایم ایف کا آئندہ مالی سال پاکستان کے دفاعی بجٹ میں 313ارب روپے اضافے کا تخمینہ


اسلام آباد(صباح نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)نے وفاقی بجٹ 2024-25 میں دفاعی بجٹ میں313 ارب روپے اضافیکا تخمینہ لگایا ہے۔ آئی ایم ایف نے کہا کہ جاری سال میں دفاعی اخراجات مختص بجٹ سے 35 ارب روپے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان کے دفاعی اخراجات کا تخمینہ 1839 ارب روپے ہے جبکہ دفاعی بجٹ 1804ارب روپے مختص کیا گیا تھا۔ عالمی قرض دہندہ نے کہا کہ گذشتہ مالی سال پاکستان کے دفاعی اخراجات 1586ارب روپے تھے، مالی سال2021-22  میں پاکستان کے دفاعی اخراجات کا حجم 1412ارب روپے تھا۔

عالمی مالیاتی ادارے نے کہا کہ پاکستان کے دفاعی اخراجات مالی سال 2021-22میں 1316ارب روپے تھے، مالی سال 2019-20میں پاکستان کے دفاعی اخراجات کا حجم 1213 ارب روپے تھا، مالی سال-19 2018میں پاکستان کے دفاعی اخراجات 1147ارب روپے تھے۔ آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال کے دفاعی بجٹ کا تخمینہ 2152ارب روپے لگایا ہے جو کو پاکستان کے رواں مالی برس کے دفاعی بجٹ کے لیے مختص رقم سے 313ارب روپے زیادہ ہے۔