کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی کراچی ضلع شرقی کے امیر سید شاہد ہاشمی نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں بیرون ملک جانے کا رجحان فطری ہے ۔ جس طرح ماضی میں پائلٹ ڈاکٹر یا انجینئر اور پھر ایم بی اے کرنے کا رجحان تھا ۔ بس نوجوانوں کو درست راستے پر ڈالنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی قدرتی صلاحیت کو پہچان سکیں ۔
وہ جے آئی یوتھ علاقہ گلزار ہجری کے زیر اہتمام یوتھ سینٹر میں نوجوانوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر ناظم علاقہ امین صدیقی جے ائی یوتھ ضلع شرقی کے صدر عمیر الدین سید اور جے ائی یوتھ علاقہ گلزار ہجری کے صدر حسیب الاسلام نے بھی خطاب کیا ۔ شاہد ہاشمی نے کہا کہ مخلوق اللہ کا گھرانہ ہے جسے فائدہ پہنچانا صدقہ جاریہ ہے انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں اربوں ڈالر خرچ کرنے کے باوجود سوشل میڈیا کو کنٹرول نہیں کرسکیں دنیا کے بڑے بڑے تعلیمی اداروں میں اسرائیل کے خلاف عظیم الشان مظاہرے ہورہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ سرمایہ داری نے انسان کو کموڈیٹی بنادیا ہے جسے بیچا اور خریدا جاسکتا ہے ۔ بڑے بڑے کھلاڑیوں کی کروڑوں ڈالرز میں بولیاں لگتی ہیں ۔ غلاموں کی طرح انسانوں کو بیچا اور خریدا جاتا ہے جس پر وہ فخر کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے رجحانات تبدیل کر نے کی ضرورت ہے ۔جتنی برائی پاکستان کے شہری اپنے ملک کی کرتے ہیں کسی دوسرے ملک کے شہری نہیں کرتے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی شہری گروہوں میں تقسیم نظر آتے ہیں جبکہ دیگر ممالک کے شہری صرف اپنے ملک کی پہچان رکھتے ہیں ۔ اسوہ رسول پر عمل کرکے ہی کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے ۔