جماعت اسلامی سندھ کا سندھ میں بدترین بدامنی اورڈاکوراج کے خلاف اے پی سی بلانے کا اعلان


کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ نے صوبہ میں بدترین بدامنی لاقانونیت اورڈاکوراج کے خلاف تحریک اورجلد کل جماعتی کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا،سندھ کی خوشحالی اورڈاکوراج کے خاتمے کے لیے ظالم وڈیرہ شاہی سے نجات ناگزیر ہے،سندھ میں ڈاکوراج و جرائم پیشہ افراد کی سرپرتی کرنے والے ظالم وڈیرہ شاہی کو پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی سرپرستی حاصل ہے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا ڈاکوؤں کے پاس جدید اسلحہ کی موجودگی پرتشویش خود سوالیہ نشان ہے۔سندھ میں تو 16سالوں سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے یہ سوال تو حکومت سے بنتا ہے،گذشتہ دنوں جیکب آباد میں صوبائی مشیرکی گاڑی کے ذریعے اسلحہ اسمگلنگ کیس سے بھی عوام کو آگاہ کیا جائے ۔ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے ،حق کے غلبہ اورطاغوت وان کے آلہ کاروں سے ہرمحاذپرمقابلہ ہوگا،ان شاء اللہ فتح حق کی ہوگی شکست امریکہ وان کے یاروں کی مقدر ہے۔

ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی نے قباء آڈیٹوریم میں مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔اجلاس میں کارکردگی رپورٹ اورسیاسی صورتحال سمیت دیگردعوتی وتنظیمی امورکاجائزہ لیا گیاجبکہ عوامی مسائل پرمتعددقراردادیں بھی منظورکی گئیں۔انہوں نے کہاکہ مخلص ودیانتدار قیادت اقتدار میں نہ ہونے کی وجہ سے تیل گیس اورکالاسونا کوئلہ سمیت زراعت کی دولت سے مالا مال سندھ کے عوام غربت وافلاس اورمحرومیوں کی زندگی گذارنے پرمجبور ہیں ۔پیپلزپارٹی 16سالوں سے اقتدار میں ہے اپنے عوام کو صاف پانی بھی فراہم نہ کرسکی ہے۔پنوعاقل چھاونی کے شہر پنوعاقل میں دیدہ دلیری کے ساتھ ڈاکوؤں کا تاجرکے گھرپرحملہ کئی گھنٹے لوٹ مارکے بعد معصوم بچے محمدحسین آرائیں کو اغوا کا واقعہ حکومت اوراداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔کب تک حکومت اورادارے عوام کو خوف اورمہنگائی کی چکی میں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگاکر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرتے رہے گے۔ایٹمی طاقت کے حامل ملک کے عوام کو کیسے کو مٹھی بھر ڈاکوؤں نے ئرغمال بنایا ہوا ہے؟ یہ ڈاکوسمیت سب مافیا اسی کی پالی ہوئی مخلوق ہے ۔اللہ کی لاٹھی بے آاواز ہے ایک دن ان کو اس ظلم کا ضرور حساب دینا ہوگا۔

علاوہ ازیں جماعت اسلامی سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی اورسیکرٹری اطلاعات مجاہدچنامقامی صحافی رسول بخش چنا کے والد محمد صدیق چنا کی وفات پردلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت درجات بلندی اورپسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔