کراچی(صباح نیوز)شدید گرمی میں بجلی کی بندش کے خلاف کراچی کے متعدد علاقوں میں مکین سراپا احتجاج ہوگئے۔ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے متعدد علاقوں میں 12 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے جبکہ مضافاتی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 15 گھنٹے تک پہنچ گیا جس سے گرمی کے ستائے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
کراچی کے علاقے لائنز ایریا کے مکینوں نے بجلی بندش کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ بل ادا کرنے کے باوجود 3 دن سے بجلی نہیں دی جا رہی۔ اس حوالے سے کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ لائنز ایریا میں عدم ادائیگیوں کے باعث بجلی منقطع کی گئی، نادہندگان پرواجب الادا رقم 1 ارب 60 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔مظاہرین نے لکی سٹار کے قریب شارع فیصل کا ایک ٹریک ٹریفک کے لئے بند کر دیا، یہی نہیں مظاہرین کی جانب سے پولیس کی گاڑیوں پر پتھرا ئو بھی کیا گیا جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کر کے ٹریک کھلوایا، کئی گھنٹوں سے بند کو ریڈور تھری بھی کھلوا دیا گیا جس کے بعد ٹریفک بحال ہوگئی۔واضح رہے کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ علاقے میں بجلی چوری اور نقصانات کی شرح پر منحصر ہے۔