کراچی(صباح نیوز)محکمہ اطلاعات حکومت سندھ نے 6 ماہ سے شائع نہ ہونے والے 181 اخبارات و جرائد کو سندھ میڈیا لسٹ سے ہٹا دیا۔ سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن کی منظوری کے بعد ڈائریکٹر اشتہارات محمد یوسف کابورو نے مذکورہ اخبارات کو سندھ میڈیا لسٹ سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
ڈی لسٹ ہونے والے اخبارات و جرائد میں اردو، انگریزی اور سندھی زبان کے اخبارات و جرائد شامل ہیں۔ڈائریکٹر اشتہارات محمد یوسف کابوروکے مطابق ڈائریکٹر پریس کی ریگیولرٹی رپورٹ پر مذکورہ اخبارات و جرائد کو سندھ میڈیا لسٹ سے ہٹادیا گیا۔محکمہ اطلاعات کے مطابق اخبارات کو ڈائریکٹر جنرل کی سربراہی میں قائم محکمہ اطلاعات کی کمیٹی کی سفارشات اور ریگیولرٹی رپورٹ کی بنیاد پر سندھ میڈیا لسٹ میں شامل کرنے یا ہٹانے کا فیصلہ ہر تین ماہ بعد کیا جائے گا،
جن اخبارات و جرائد کی باقاعدہ اشاعت نہیں ہوگی ان کو سندھ میڈیا لسٹ سے ہٹایا جائے گا،سندھ میڈیا لسٹ سے ہٹائے جانے والے اخبارات کی فہرست محکمہ اطلاعات کی ویب سائیٹ پر جاری کردی جائے گی