منعم ظفر خان کی ڈکیتی واردات میں جاں بحق شیخ نہال کے والد سے ملاقات و اظہار افسوس

 کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان نے مسلح ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 22سالہ نوجوان شیخ محمد نہال کے والد سید یوسف سے نارتھ ناظم آباد میں ان کی رہائش گاہ پر جاکر ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا ۔ ملاقات میں امیرجماعت اسلامی ضلع وسطی سید وجیہ حسین ،یوسی کے وائس چیئرمین ذوالفقار ،کونسلر طارق ودیگر بھی موجود تھے ۔

منعم ظفر خان نے اس موقع پر بے دردی سے ڈاکؤوں کے ہاتھوں نوجوان کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کراچی طویل عرصے سے اسٹریٹ کرائمز و مسلح ڈکیتی کی وارداتوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے ، قانون نافذ کرنے والے ادارے ،صوبائی حکومت اور متعلقہ ذمہ داران کے دعوؤں اور اعلانات کے باوجود آئے دن لوگ دن دہاڑے لٹ رہے ہیں اور قتل ہورہے ہیں لیکن ان قاتلوں کو کوئی لگام دینے والا نہیں ۔

عوام کی جان و مال کو تحفظ فراہم نہیں کیا جارہا ، آئے روز صوبائی وزراء اور پولیس عہدیداران مختلف اقدامات کی باتیں کرتے ہیں لیکن عملاً کچھ نہیں ہورہا ہے ۔ منعم ظفر نے مزیدکہاکہ وقت آگیا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور شہر میں اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ڈاکؤوں کے خلاف کاروائی کرے ،عوام کی جان و مال کا تحفظ اورامن و امان قائم کیا جائے ۔#