کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی نے پبلک ایڈ کمیٹی ضلع شرقی کے صدر فواد بنگش کو صفورا ٹاون اور تمام یوسیز کے لیے فوکل پرسن مقرر کیا ہے ۔ اس امر کا اعلان امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی سید شاہد ہاشمی نے سچل گوٹھ میں جماعت اسلامی علاقہ صفورا کے اجتماع ناظمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر قیم ضلع ڈاکٹر فواد احمد نائب امیر ضلع شرقی سید علی محمد فواد بنگش ۔ ناظم علاقہ فہیم عثمانی معتمد علاقہ حماد اللہ خان بھٹو نے بھی خطاب کیا ۔ گلشن ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد یوسی 5 صفورا ٹاؤن کے منتخب چیئرمین نعمان الیاس نے کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ شاہد ہاشمی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صفورا ٹاؤن میں جماعت اسلامی چھ یونین کمیٹیاں جیت کر اکثریت حاصل کر چکی تھی ۔ پیپلز پارٹی نے سرکاری افسران کو استعمال کرکے نتائج تبدیل کیے اور صفورا ٹاؤن پر ناجائز قبضہ کرلیا ۔ اس کے باوجود ہم اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے محدود وسائل کے باوجود عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔ صفورا ٹاؤن کو برباد نہیں کرنے دیں گے ۔ عوام کی مدد سے حکمرانوں اور بیورو کریسی کو کام کرنے پر مجبور کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ڈی این اے میں عوامی خدمت نہیں صرف پیسہ بنانا پیپلز پارٹی والوں کا مقصد ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے ووٹرز بھی مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کی طرف دیکھتے ہیں ۔ منتخب یوسی چیئرمین نعمان الیاس نے شرکا کو بتایا کہ انہوں نے انتخابات سے پہلے پانچ وعدے کیے تھے جن پر تقریبا عمل ہوچکا ہے۔ یو سی 5 میں ان کی کوششوں سے نادرا کا میگا سینٹر کھل گیا ہے جو اٹھارہ گھنٹے کام کرے گا علاقے میں مریضوں کے لیے سرکاری ڈسپنسری کھولنے کے لیے حکام سے بات چیت جاری ہے۔
پانی اور سیوریج لائن کی بہتری کے لیے واٹر کارپوریشن سے بہترین کوارڈینیشن کے نتیجے میں یو سی 5 میں بلاکیج ختم کردیا گیا ہے۔ امن و امان کی بحالی اور اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے کے لیے رینجرز اور پولیس سے کوارڈینیشن جاری ہے او زیڈ ٹی کی مد میں موصول ہونے والی زیادہ تر رقم تنخواہوں کی ادائیگی میں چلی جاتی ہے۔ جبکہ ان کی یوسی میں کلک کا ایک ترقیاتی منصوبہ بھی نہیں دیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چارجڈ پارکنگ اور ٹریڈ لائسنس کی مد میں ملنے والی رقم کا پچاس فیصد یونین کمیٹیوں کو دیا جائے۔