کرا چی(صباح نیوز)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (KW&SC) اور الخدمت کراچی کے درمیان کارپوریشن ملازمین کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی کا معاہدہ طے پا گیا ۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر نے کی سادہ تقریب الخدمت ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی، جس میں الخدمت کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی اورکراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن ) (KW&SC کے میڈیکل سروسز کے ڈائریکٹر عامر حلیم کی جانب سے دستخط کیے گئے ،بعد ازاں دستاویز کا تبادلہ بھی کیا گیا ۔
معاہدے کے مطابق الخدمت کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ملازمین کو اپنے ہسپتالوں میں صحت کی سہولتیں فراہم کرے گی ۔اس موقع پر چیف فنا نشل آفیسر الخدمت جناب ابوالاعلی صدیقی، الخدمت فریدہ یعقوب ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر ظفر اقبال، کے ڈبلیو اینڈ ایس سی کے ایڈمن میڈیکل سروسز کے سربراہ طاہر حمید، جنرل سیکریٹری جمیل سوداگر اور ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔
قبل ازیں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ الخدمت کے ہسپتالوں میں فراہم کی جانے والی صحت کی سہولتوں اور خدمات کی معترف ہے اور اس کی خواہش ہے کہ وہ اپنے ملازمین کی ہیلتھ کیئر کیلئے الخدمت کے ساتھ معاہدہ کر ے ۔
معاہدے کی تقریب سے قبل کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن( (KW&SC کی ٹیم نے الخدمت ہسپتال ناظم آباد اور الخدمت ڈائیگنوسٹک سینٹر کا بھی دورہ کیا جنہیں وہاں الخدمت کی جانب سے صحت کی جاری وسیع خدمات کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی گئی۔ دورہ میں دونوں اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت صحت کے شعبے میں کئی دہائیوں سے کام کررہی ہے اور اس کے تمام ہیلتھ یونٹس میں معیاری سروسز فراہم کی جا رہی ہیں ۔
کے ڈبلیو ایس سی کے ملازمین کو بھی بہترین معیاری کی طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن میڈیکل سروسز کے ڈائریکٹر عامر حلیم نے کہا کہ انہیں خوشی کے الخدمت جیسے قابل اعتماد ادارے کے ہیلتھ یونٹ کے ساتھ ملازمین کیلئے صحت کی سہولتوں کی فراہمی کا معاہدہ کیا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی باہمی تعاون کے معاہدہ کامیابی کے ساتھ جاری وساری رہے گا ۔