کراچی(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف دنیا کو دکھانے کیلئے تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کر رہے ہیں لیکن صوبہ سندھ بالخصوص کراچی میں تعلیم مذاق بن کر رہ گئی ہے ،رواں سال میٹرک کے امتحانات میں بڑے پیمانے پر نقل مافیا کے راج، شدید بد انتظامی،پرچوں کے آؤٹ ہو کر سوشل میڈیا پر آنے نے سندھ حکومت اور محکمہ تعلیم کی نااہلی و ناقص کارکردگی کے سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں ۔جاوداں فہیم نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ بچوں کے مستقبل سے کھیلا جارہا ہے ،پولیس کی سرپرستی میں امتحانی مراکز پر رشوت کا بازار گرم ہے۔
ان حالات میں محنت کرکے پڑھنے والے بچے دلبرداشتہ اور نقل کرنے والے دلیر ہوتے ہیں ۔میٹرک کے بعد انٹر کے امتحانات شروع ہونے کو ہیں یہ سلسلہ یہاں نہیں رکا تو قوم کے مستقبل کا کیا بنے گا۔ارباب اقتدار آخر کب جاگیں گے۔ قوم کے بچوں کو اپنا بچہ سمجھتے ہوئے بدعنوان عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے ۔انہوں نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے کہا کہ اندرون سندھ اور کراچی کے تعلیمی نظام کو مانیٹر کریں اور حکومت سندھ کو مجبور کریں کہ وہ میٹرک امتحانات کی موجودہ بدترین صورتحال کو بہتر کرے ۔#