لاہور ہائیکورٹ کا کم عمر لڑکی کی شادی کرانے پر نکاح خواں کیخلاف کارروائی کا حکم

لاہور (صباح نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے کم عمر لڑکی کی شادی کرانے پر نکاح خواں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس انوار الحق پنوں نے حمیرا بی بی کم عمر لڑکی کی شادی کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔ پولیس نے دارالامان سے کم عمر بچی کو عدالت میں پیش کیا۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بچی کی عمر 15 سال ہے جس کی زبردستی شادی کروائی گئی ہے، بچی کے اغوا کا مقدمہ شاہدرہ میں درج ہے۔

جسٹس انوار الحق پنوں نے لڑکی سے استفسار کیا کہ بیٹا آپ نے شادی اپنی مرضی سے کی ہے؟۔ حمیرا نے جواب دیا کہ جی میں نے اپنی مرضی سے شادی کی ہے۔عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کی عمر کتنی ہے؟ ۔ حمیرا نے جواب دیا کہ میری عمر 15 سے 16 سال ہے۔عدالت نے جوڈیشل مجسٹریٹ کو مقدمہ پر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس انوار الحق پنوں نے یہ بھی ریمارکس دئیے کہ نکاح خواں کیخلاف استغاثہ دائر کریں کہ کیسے کم عمر بچی کی شادی کروائی۔