لاہور (صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت قربانی کے موضوع پرآگاہی سمیناز کا انعقاد کیا گیا ۔جس کا مقصد ملک و بیرون ممالک میں قربانی کے گوشت کو موسمی اثرات سے محفوظ رکھنے سمیت دیگر چیلنجیز کے حوالے سے گفتگو کر نا تھا۔سمینار میں قربانی کی شرعی حیثیت اور احکامات و مسائل، جانور ذبح کرنے اور گوشت کے محفوظ کرنے کے اہم پہلو، جانوروں کی مخصوص بیماریوں کے متعلق آگاہی، فوڈ سکیورٹی کے متعلق آگاہی، قربانی جانور کی خریداری اور کیٹل فارم کے ذریعے نگہداشت ، قربانی بزریعہ سلاٹر ہاس کی اہمیت و افادیت، چرم قربانی کو بروقت محفوظ کرنے کا طریق کار، الخدمت قربانی پروجیکٹ کا طریقہ کار، الائشوں کو بروقت تلف کرنے کے حوالے سے احتیاطی تدابیر، حلال اسٹینڈرز ، قربانی کے گوشت کی حفظان صحت کے حوالے سے احتیاطی بدابیر اور چلر کے ذریعے صارفین تک اس کی ترسیل جیسے موضوعات پر بات کی گئی۔
پروگرام میں الحدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدور محمد عبد الشکور ، ذکر اللہ مجاہد ، الخدمت وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی، اڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی مدثر احمد شاہ، معروف مذہنی اسکالر علامہ ابتسام الہی ظہیر ، صدر پاکستان سو سائٹی آف انٹرنل میڈیسن ڈاکٹر جاوید اکرم، لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ، سلاٹر ہاس، حلال سرٹیفیکشن، الخدمت فاؤنڈیشن کے دیگر ذمہ داران سمیت زندگی کے مختلف شعبہ ہائے جات سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔
ذکر اللہ مجاہد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ہر سال عید الاضحی کے موقع پر ملک اور بیرون ممالک لاکھوں مستحقین میں قربانی فی سبیل اللہ کا گوشت تقسیم کرتی ہے۔ محمد عبد الشکور نے کہا کہ پاکستان میں ایک بڑا طبقہ ایسا ہے جسے صرف عید پر ہی گوشت کھانے کو ملتا ہے، الخدمت فاؤنڈیشن کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ غربت میں بسے طبقات کا سہارا بنیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہم سب کی زمہ داری بنتی ہے کہ تمام مستحقین تک قربانی کا گوشت با حفاظت پہنچائیں۔