کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے قائمقام امیرکاشف سعید شیخ نے امارت اسلامیہ افغانستان کے شمال میں واقع صوبہ بغلان میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں املاک گھروں وجانوروں کے نقصان پردلی دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب میں سینکڑوںافراد لقمہ اجل اورہزاروں ایکڑ ایراضی بہہ جانے سے بڑے پیمانے پرناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔
افغانستان جن حالات سے دوچار رہا ہے یہ سانحہ ان کے لیے کسی آزمائش سے کم نہیں ہے۔صوبائی رہنما نے حکومت پاکستان سمیت فلاحی اداروں سے مشکل کی اس گھڑی میں انسانی ہمدردی کے ناطے امارت اسلامی افغانستان کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت درجات اورپسماندگان کے لیے صبروجمیل کی دعا کی۔