سانحہ بارہ مئی،بلدیہ ٹائون کے مجرموں کو فارم47کے ذریعے ایک بار پھر قوم پر مسلط کردیا ہے۔کاشف سعید شیخ


کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے قائمقام امیرکاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ 12مئی2007کادن ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جس دن سابق چیف جسٹس کی آمد پر شہر کے تمام راستے بند کرکے ریاستی سرپرستی میں بے گناہ لوگوں کے خون سے ہولی کھیلی گئی اور شام کو دارلحکومت میں اس وقت کے ڈکٹیٹر نے اپنا مکہ لہراکر فتح کا جشن منایاتھا، آج ایک بار پھر وہی اسٹیبلشمنٹ ،12مئی کے مجرم اور صوبائی ،وفاقی حکومت ایک پیج پر ہیں،سانحہ بارہ مئی کے کچھ مجرم تو دنیا میں ہی نشان عبرت بن چکے اور کچھ اپنی باری کے منتظر ہیں کیونکہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے، ان کے ہاں دیر ضرورہے مگر اندھیر نہیں۔

انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ 12کو بے گناہ لوگوں کو قتل،وکلاء کو اپنے چیمبرزاور سانحہ بلدیہ فیکٹری میں زندہ مزدوروں کو جلانے والے ایک ہی ہیں۔ متحدہ قائدکوسائیڈ کرکے ایم کیو ایم میں شامل لوگ اپنے تمام جرائم سے بری الذمہ نہیں ہوسکتے، جس طرح 09مئی کے حوالے سے پی ٹی آئی کے پریس کانفرنس کرنے والوں کو کچھ نہیں کہا گیا ایسے ہی اسٹیبلشمنٹ کے اشاروں پر حکومتیں گرانے اور بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے والے متحدہ کے لوگوں کے تمام جرائم کی پردہ پوشی کی جارہی ہے۔12مئی کا سیاہ دن قوم ہرگز بھلا نہیں سکتی۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ،آرمی چیف سانحہ بلدیہ ٹائون اور 12مئی سمیت وکلا کو زندہ جلانے والوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور مظلوموں کو انصاف دیا جائے۔