اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق سے امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے ملاقات کی ہے ۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سر اج الحق نے کہا کہ پاکستان کے 22کروڑ عوام کشمیریوں کی پشت پر ہیں ۔ حکمرانوں کی نا اہلی کے باعث کشمیر کی آزادی کی منزل طویل تر ہو گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تارکیاں چھٹ رہی ہیں جلد کشمیری آزاد فضاؤں میں سانس لیں گے ، کشمیریوں کی پشتیبانی ہمارے ایمان کا حصہ ہے ، عالمی برادری کے مردہ ضمیر کو بیدار کرنے کے لیے اہل پاکستان5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز سے منائیں گے۔ سید علی شاہ گیلانی کے مشن کو پائیہ تکمیل تک پہنچا کردم لیں گے۔ کشمیری خود کو تنہا نہ سمجھیں پاکستانی قوم ان کی پشت پر ہے
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے لیے 54لاکھ غیر ریاستی انتہا پسند ہندوؤں کو کشمیر کا ڈومسائل جاری کر چکا ہے۔ اسرائیل طرز پر فوجی کالونیاں بنائی جارہی ہیں ، بھارت جموں وکشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی مزموم سازش کر رہا ہے۔ عالمی برادری کی سردمہری کی وجہ سے ہندوستان شے پا کر مظالم کی انتہا کررہا ہے۔ کالے قوانین کی آڑ میں نوجوانوں کو گرفتار کر کے جعلی مقابلوں میں شہید کیا جارہا ہے۔ کشمیریوں کے مال و اسباب کو لوٹا جارہا ہے۔ فصلیں اور باغات کو تباہ کردیا گیا ہے۔ کشمیری حکومت پاکستان سے بجا طور پر توقع رکھتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی سطح پر سفارتی مہم تیز کرے۔ ہندوستان کے مکروہ عزائم کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے نور دنیا کے ہر فور م پر ہندوستان کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان اور پاکستانی قوم کے ہم شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں اہل کشمیر کی پشتیبانی کا حق ادا کیا ۔کشمیری پاکستان کی تکمیل بقاء اور سلامتی کی جنگ سرینگرمیں لڑرہے ہیں ۔حکومت پاکستان کشمیریوں کی مبنی بر حق جدوجہد کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے اپنا مطلوبہ کردار اداکرے ۔